عزیزنبیل تعارف

شاعر، محقّق اور صحافی عزیز نبیل جدید اردو ادب کے منظرنامہ کا ایک بہت اہم اور نمایاں نام ہے۔ سالانہ ادبی مجلہ عالمی دستاویز کے مدیر اعلیٰ ہیں۔ انجمن محبانِ اردو ہند، قطر کے جنرل سکریٹری اور مجلس فخرِ بحرین، بحرین کے مشیرِ خاص ہیں۔ اکّیسویں صدی کی بنیاد سے ابھر کر جن چند نئی، توانا اور اہم آوازوں نے اردو شاعری کی فضا میں اپنی متاثّر کن موجودگی کا احساس کرایا ہے ان میں ایک بہت مقبول نام عزیز نبیلؔ کا ہے، ان کا شمار ایسے شعراء میں ہوتا ہے جنہیں ادبی رسائل و جرائد او رمشاعروں میں یکساں طور پر پسند کیا جاتا ہے۔ ہندو پاک کے تمام اہم ادبی رسائل و جرائد میں باقاعدگی سے شاعری کی اشاعت کے علاوہ عزیز نبیل ہندوستان کے مختلف شہروں سمیت بحرین، کویت، دبئی اور قطر کے عالمی مشاعروں میں مسلسل مدعو کیے جاتے۔ ان کا پہلا شعری مجموعہ ’’خواب سمندر‘‘ کے نام سے 2011 میں شائع ہوا۔

عزیزنبیل کی پیدائش 26 جون 1976ء کو ممبئی میں ہوئی۔ مستقل سکونت مہاراشٹر کے شہر بھیونڈی میں ہے۔ آبائی تعلق اترپردیش کے مردم خیز شہرالہ آباد کے قصبہ مئو آئمہ سے ہے اور 1999ء سے قطر میں برسرِ روزگار ہیں۔ ابتدائی تعلیم جامعہ الفلاح اعظم گڑھ میں ہوئی جبکہ اعلی تعلیم جامعہ ملّیہ اسلامیہ، نئی دہلی سے مکمّل کی۔

اعزازات
ساحر لدھیانوی ایوارڈ برائے 2012ء مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی
عبدالغفور شہباز ایوارڈ برائے 2011ء بہار اردو اکیڈمی
فراق گورکھپوری ایوارڈ برائے 2012ء اردو وراثت کارواں، دہلی
امام بخش ناسخ ایوارڈ برائے 2013ء بزمِ ناسخ اور حرف حرف آئینہ سوسائٹی، برہانپور۔ مدھیہ پردیش
عزیز نبیل نے مجلّہ دستاویز کے مدیرِ اعلیٰ کی حیثیت سے اب تک دستاویز کے تین اہم اور یادگار نمبر ترتیب دیے۔

2014ء کے ابتدا میں عزیز نبیل کی مرتّب کردہ 800 صفحات پر مشتمل کتاب ’’فراق گور کھپوری شخصیت، شاعری اور شناخت‘‘ (ناشر، مجلس فخرِ بحرین برائے فروغِ اردو، مملکت بحرین) فراقیات کے باب میں گراں قدر اضافہ ہے۔ اس کتاب میں سہل تم نے فراق کو جانا، تذکرے اور خاکے، فراق فہمی، اور فراق نامہ جیسے ابواب قائم کرکے مشاہیرِ ادب کے فراق کے فن اور شخصیت پر مضامین کے علاوہ فراق کے خطوط اور فراق کے نام ادبی شخصیات کے خطوط، فراق کے انٹرویو، نثری تحریروں اور شاعری سے جامع انتخاب شامل کیا گیا ہے۔ کتاب کا انتساب بحرین کی فعّال ادبی شخصیت اور مجلس فخرِ بحرین کے روحِ رواں شکیل احمد صبرحدی کے نام ہے۔